ایل ڈی اے نے لاہور کے علاقے ناصرباغ میں "زیرو ٹری کٹنگ" پالیسی کے تحت 123 چھوٹے اور بڑے درختوں کو کامیابی کے ساتھ منتقل کردیا۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق درختوں کی منتقلی کے لیے نجی تنظیم کی خدمات حاصل کی گئیں، جبکہ تمام درختوں کو ماحول دوست ایس او پیز کے تحت ناصرباغ میں ہی نئی جگہوں پر منتقل کیا گیا۔
منصوبے کے تحت ناصرباغ میں ایک ہزار نئے پودے اور درخت بھی لگائے جائیں گے۔مزید بتایا گیا کہ نیلا گنبد انڈر گراؤنڈ پارکنگ پلازہ کی طرز پر ناصرباغ میں بھی زیرزمین پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا۔
منصوبے کے مطابق 11 کنال جگہ پر پارکنگ کے لیے دو بیسمنٹ فلور تعمیر کیے جائیں گے جن میں 256 گاڑیوں اور 510 موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔
زیر زمین پارکنگ کی تعمیر سے اطراف کے علاقوں، بشمول ڈسٹرکٹ کورٹ، سول کورٹ، جی سی یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس کے باہر پارکنگ مسائل حل ہونے کی توقع ہے۔
ایل ڈی اے کے مطابق منصوبہ 10 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔



















