وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بحرین میں برادرانہ تعلقات اقتصادی تعاون میں بدل رہے ہیں۔ زراعت، آئی ٹی اور اے آئی سمیت دیگر شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں۔
منعقدہ کاروباری برادری کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ بحرین کے سرمایہ کار اپنے مشورے اور علم سے پاکستان کی صنعتوں اور زراعت کے شعبے کو متحرک کریں۔ بحرین کے سرمایہ کارپاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ بہترین استقبال پر بحرین کی حکومت اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتاہوں، بے حد محبت،عزت اور شفقت سے استقبال پر شکرگزار ہوں۔ بحرین کی جانب سے تاریخی استقبال کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گی۔ بحرین مالیاتی ترقی،انسانی مرکزیت اور جدید معیشت کا روشن نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بحرین اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں،اور ہمارے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، ہمارے تعلقات ثقافتی،مذہبی، باہمی احترام اور اعتماد کی بنیادوں پر قائم ہیں۔ پاکستان اور بحرین کے تعلقات دیرینہ رشتے کے مضبوط ستون ہیں، بحرین آنے کا مقصد اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کئی برسوں سے قائم ہے، اب وقت ہے کہ ہم ان مضبوط تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کریں۔ پاکستان کے پاس نوجوانوں کی بڑی طاقت ہے، ہماری 60 فیصد آبادی 15 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ نوجوان آبادی ایک چیلنج ہے،ایک بڑی نعمت اور موقع بھی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ بحرین سے پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال میں 484 ملین ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، پاکستانی کمیونٹی سے درخواست ہے کہ وہ بحرین کیلئے بھی بہترین سفیر بنیں۔ پاکستان کے پاس افرادی قوت،وسائل،ابھرتی منڈی اور اسٹریٹجک محل وقوع ہے، پاکستان اور بحرین مل کر عظیم کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔ بحرین اور پاکستان کے سرمایہ کار ایک دوسرے کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
تقریب سے خطاب میں بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ الخلیفہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے رشتے تاریخ سے جڑے ہوئے ہیں، وزیراعظم پاکستان کی یہاں موجودگی ہمارے رشتوں کی تجدید ہے۔ ہم ان لوگوں کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں جن کی خدمات دونوں ممالک کیلئے قابل قدر ہیں۔ آج بہت سے پاکستان مملکت بحرین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔






















