وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) خطے میں اقتصادی انضمام کے فروغ کا نہایت اہم پلیٹ فارم ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے نامزدگی پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ترکیہ میں پانچویں ای سی او وزارتی اجلاس میں شرکت کیں۔ پاکستان کے علاقائی تجارت میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس 14 سال کے وقفے کے بعد استنبول میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا ای سی او خطے میں اقتصادی انضمام کے فروغ کیلئےنہایت اہم پلیٹ فارم ہے، تجارتی سہولتوں میں اضافہ، بہتر علاقائی روابط، قوانین میں ہم آہنگی سے اقتصادی ترقی کا حصول ممکن ہے۔ ای سی او ٹی اے مذاکراتی اسٹریٹجی اور استنبول اعلامیے پر اتفاق تجارتی فریم ورک کیلئےاہم سنگ میل ہے۔
وزیر مواصلات نے کہا حکومت پاکستان نے دو اہم بین الریاستی معاہدوں کی منظوری دی ہے ۔ ای سی او رکن ممالک کےدرمیان تجارت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت بھی منظور کی جاچکی ۔ دوسرا معاہدہ کسٹمز انتظامیہ کے مابین باہمی تعاون کا ہے، یہ اقدامات ای سی او کی تجارتی ساخت کو مضبوط بنانے میں مدد گار ہوں گے۔
وزیر مواصلات نے پاکستان کی جانب سے ای سی او ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی۔ ایم او یو پر پاکستان کے علاوہ ترکیہ ، ایران اور کرغزستان نےبھی دستخط کئے ۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجارت کا فروغ ، مارکیٹ معلومات کا تبادلہ اور کاروباری تعلقات کا استحکام ہے۔ کسٹمز انتظامیہ کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے۔ یہ معاہدہ کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی ، نفاذ میں تعاون اور سرحد پار تجارت کی موثر نقل و حرکت کو فروغ دے گا۔






















