ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تنازعات کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری ہیں، لاریجانی نے مسئلہ فلسطین پر ایران کے واضح مؤقف اور خطے میں دہشت گردی کے خلاف تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ان کے لیے خوشی کی بات ہے کہ وہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تنازعات کو ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی، کیونکہ پاکستان ایران کا دوست اور برادر ملک ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک درپیش مسائل کا جلد حل نکل آئے گا۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ایران نے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے نہایت واضح فارمولا پیش کیا ہے اور فلسطینی عوام کو انتخابات کے ذریعے اپنی حکومت منتخب کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پاکستان ہمیشہ ایران کا دوست رہا ہے اور مختلف مواقع پر مثبت کردار ادا کرتا آیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے علم میں ہے کہ خطے میں دہشت گرد گروہ متحرک ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے ایران پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اپنی سرحد تک گیس پائپ لائن کا کام مکمل کر چکا ہے۔



















