وزیراعظم شہباز شریف نے منامہ میں بحرین کے ولی عہد، بحرینی افواج کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی جس دوران باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کو منامہ میں قصر القضیبیہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس موقع پر بحرین کے ولی عہد، بحرینی افواج کے نائب سپریم کمانڈر اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ اور دیگر اعلیٰ قیادت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کا شکریہ ادا کیا ۔ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں بحرین کی قیادت کو سراہا۔ بحرین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی دو سال کے لیے غیر مستقل رکنیت حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی ۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون گفتگو کا مرکز رہا۔
وزیر اعظم نے دوطرفہ تجارت بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا اور کہا موجودہ پانچ سو پچاس ملین ڈالر تجارت کو تین سال کے اندر ایک ارب ڈالر تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کراچی، گوادر اور خلیفہ بن سلمان پورٹ کے درمیان بندرگاہ سے بندرگاہ تک رابطے بڑھانے کی تجویز بھی دی۔ ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے تربیت، سائبر سیکیورٹی، دفاعی پیداوار اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔






















