وزیراعظم نے اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام ادائیگیاں تھرڈ پارٹی کی تصدیق کے بعد کرنے کا حکم بھی دیا ہے ۔
جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کی سائیٹس کے دورے پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جن لوگوں سے زمین لی گئی ہے ان متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیئے نہ ہی کسی غیر مستحق کو کوئی فائدہ پہنچنا چاہیئے ۔ گوگل سے بھی اس کی میپنگ کی جائے تاکہ کوئی حقدار محروم نہ رہے ۔ تمام عمل شفاف اور منصفانہ طریقے سے مکمل ہونا چاہئے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی وزیر پاور ڈویژن اور وفاقی وزیر پٹرولیم کی زیر نگرانی یہ منصوبہ مکمل ہونا چاہئے اور وہ اس کی ذاتی طور نگرانی کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اور دانش یونیورسٹی کی مینجمنٹ سمیت تمام معاملات ڈیجیٹلائز ہونے چاہئیں ۔عالمی معیار کا پیپر لیس اور فیس لیس نظام ہونا چاہئے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے وزیراعظم کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔






















