ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سپر فور مرحلے کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا اور یہ میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے 2،2 پوائنٹس برابر ہیں اور میچ کی فاتح ٹیم بغیر کسی مشکل فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائے گی جہاں اس کا مقابلہ بھارتی ٹیم سے ہوگا۔
تاہم، اگر آج ہونے والا میچ بے نتیجہ رہا اور دونوں ٹیموں کو ایک ، ایک پوائنٹس دیا گیا تو پاکستان رن ریٹ کم ہونے کے باعث فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا اور لنکن ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی۔
لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے اہم میچ میں آج وقفے وقفے بارش ہونے کا امکان ہے اور متعدد موسمیات کی ویب سائٹس نے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے میچ کے دوران تین مرتبہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ ویب سائٹس کے مطابق دوپہر، شام اور رات کے اوقات میں وقفے وقفے سے بادل برس سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔