لاہور ہائی کورٹ نے ڈیفنس حادثے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکم دیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں کم عمر بچے نے ایکسیڈنٹ کیا تو اس کا ذمہ دار متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او بھی ہوگا۔
منگل کے روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے ڈیفنس حادثے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم افنان کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران لاہور پولیس کی جانب سے اپنی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کروائی گئی۔
کیس کی سماعت کے دوران جسٹس علی ضیا باجوہ نے حکم دیا کہ اگر کسی علاقے میں کم عمربچے نے ایکسڈنٹ کیا تو ایس ایچ او بھی ذمے دار ہوگا۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے ہدایات جاری کیں کہ بغیرلائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف بلاتفریق کاروائیاں کریں ، پولیس اہلکار کسی شہری کے ساتھ زیادتی نہ کریں اگر کوئی اہلکار شہری کیساتھ زیادتی میں ملوث ہوا تو کارروائی ہوگی۔
سی ٹی او لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ بغیرلائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور ہماری فورسز مشترکہ آپریشن کر رہی ہیں۔