کراچی میں فائیواسٹارہوٹل کی انتظامیہ 28 سال پہلے چوری ہونے والی کار کا ای چالان موصول ہونے پر سر پکڑ کر بیٹھ گئی جبکہ ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ گاڑی کا چالان پرانا اور ابتدائی دنوں کا تھا، اس وقت اے وی ایل سی کے کرائم ڈیٹا سسٹم کے ساتھ انٹیگریشن کا عمل چل رہا تھا۔ چالان کے حوالے سے مالک کو باقاعدہ ریلیف فراہم کیا گیا۔
کراچی میں فائیو اسٹار ہوٹل کی انتظامیہ کو 28 سال قبل چوری ہونے والی کار کا دس ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا ۔ ہوٹل انتظامیہ کے مطابق گاڑی شارع فیصل فیاض سینٹر کے قریب پارکنگ سے چوری ہوئی تھی ۔ جس کا مقدمہ 22 مئی 1997 کو ہوٹل ملازم کی مدعیت میں صدر تھانے میں درج کروایا گیا تھا ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ چالان بھرنے کو تیار ہیں لیکن پولیس پہلے یہ کار برآمد کرے ۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے ٹریفک پولیس نے حال ہی میں چوری شدہ گاڑی کاچالان کیا ۔ متعلقہ گاڑی کا چالان پرانا اور ابتدائی دنوں کا تھا ۔ جب چالان ہوا اے وی ایل سی کے کرائم ڈیٹا سسٹم کیساتھ انٹیگریشن کا عمل چل رہا تھا ۔ اب انٹیگریشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے،اسی وجہ سے پرانے کیسز اب سامنے آ سکتے ہیں ۔ مستقبل میں ایسی غلط فہمیاں نہ ہونے کے برابر ہوں گی ۔ سسٹم میں اب چوری شدہ گاڑیوں فلیگ کر دیا گیا جائے تاکہ آئندہ چالان نہ ہو۔






















