صدرمملکت اور وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں 15 خوارج کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ قومی اتفاق رائے سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کرنے کا عزم دہرایا۔ وفاقی وزیر داخلہ اور اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بیحد سراہا۔
صدر آصف علی زرداری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی مہم ملک میں پائیدار امن کے قیام کی قومی کاوشوں کا مظہر ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے میں خلل ڈالنے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائےگی ۔ اللہ کےفضل سے پاک سرزمین کو جلد ہی خوارج کے شر سے پاک کر دیا جائے گا ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا عزم استحکام وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز ، دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ پوری قوم اس جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا بہادر سیکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے ۔ قوم امن دشمنوں کے خلاف کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی اتحاد اور اداروں کے مابین تعاون ناگزیر قرار دیا ۔






















