وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو 30نومبر تک موٹروے ایم 5 کی یک طرفہ بحالی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے ایم فائیو جلال پور پیروالا کا دورہ کیا۔ جہاں سیلاب کے بعد جاری بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا۔ عبدالعلیم خان کی این ایچ اے حکام کو مرمتی کاموں کی معیاری اور بروقت تکمیل کی ہدایت کردی۔ 30 نومبر تک موٹروے کی یک طرفہ بحالی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔
وزیر مواصلات کا کہنا تھا ٹریفک کی بحالی سمیت شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔ این ایچ حکام کو تنبیہ کی کہ غیرمعیاری کام برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ایک ہفتے میں پراگرس رپورٹ دی جائے ۔ جلال پور پیروالا میں جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے دوبارہ دورہ کروں گا۔
عبدالعلیم خان نے ایم فائیو موٹروے پر ریسٹ ہاؤسز کا بھی دورہ کیا۔ ناقص انتظامات پر این ایچ اے حکام کی سرزنش کی ۔ دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ آئندہ کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ صاف ستھرے واش رومز اور ٹک شاپس کی سہولیات یقینی بنائیں۔ مسافروں کا حق ہے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سہولیات معیاری اور مناسب ہوں تو شہری ٹیکس ادا کرنے کو بھی تیار ہیں ۔ موٹروے ایم فائیو کو مزید محفوظ اور آرام دہ بنایا جائے۔ این ایچ اے حکام نے وزیر مواصلات کو جلال پور پیروالا میں اب تک کے کام پر بریفنگ دی۔





















