آزادکشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے قانون ساز اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہےکہ آزاد کشمیر میں ایک جمود ٹوٹ گیا ہے،وزارت عظمیٰ کی صورت میں مجھ پر جو بھاری ذمہ داری ڈالی گئی ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔
وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا یہ تاثرختم کرنے کرنے کی کوشش کروں گا کہ حکمران صرف عیاشی کیلئے بنتے ہیں، آزاد کشمیر میں اصلاحات لائی جائیں گی۔ ریاست میں صرف بیس سیکرٹریز ہو گے۔ زائد اسامیاں ختم کیجائیں گی اورسیکرٹری کے پاس صرف ایک گاڑی ہو گی گریڈ 18 سے نیچے کسی کے پاس گاڑی نہیں ہو گی ، ٹرانسپورٹ پالیسی لاکر گاڑیوں کا بے دریغ استعمال ختم کیا جائے گا ۔
انہوں نےکہا کہ گریڈ ایک کے تمام غیرمستقل ملازمین کو مستقل کیا جائے گا ، عوامی شکایات سننے کیلئے کچہریاں لگائی جائیں گی اورشکایات بکس نصب کئے جائیں گے۔اعلی عدلیہ کی مشاورت سے عدالتی اصلاحات لائی جائیں گی۔فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ وہ منتخب ضرور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ہوئےہیں لیکن آزاد کشمیر کی عوام کا وزیر اعظم ہوں اور اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کوساتھ لیکر چلوں گا۔






















