امریکی فوج نے کیریبئن میں مبینہ طور پر منشیات اسمگلنگ کرنے والی ایک اور کشتی کو فضائی حملے میں تباہ کردیا۔
امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگیستھ نےحملے کی تصدیق کرتےہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملےسے پہلے امریکی انٹیلیجنس نے تصدیق کی کہ وہ غیرقانونی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔
امریکی فوج کے فضائی حملے میں 3 اسمگلرز ہلاک ہوئے۔ امریکی فوج وینزویلا کے قریب انٹرنیشنل پانیوں میں اب تک متعدد کشتیاں تباہ کرچکا ہے۔
قبل ازیں امریکہ نے تصدیق کی ہے کہ اس نے دنیا کے سب سے بڑے جنگی بحری جہاز ’یو ایس ایس گیرالڈ آر فورڈ‘ کو بحیرہ کریبین میں تعینات کر دیا ہے۔ امریکی بحریہ نے کہا ہے کہ ’یو ایس ایس گیرالڈ آر فورڈ‘ جنوبی کمانڈ کے علاقے میں داخل ہو گیا ہے جو لاطینی امریکہ اور کریبین کے علاقوں کو دیکھے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کے اِس اقدام سے بحیرہ کریبین (بحر اوقیانوس کا وہ علاقہ جو جزائر غرب الہند اور وسطی امریکا کے درمیان واقع ہے) میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گا۔
گذشتہ کئی دہائیوں کے بعد امریکہ نے اب کریبین کے علاقے میں اپنا عسکری اثررورسوخ بڑھایا ہے اور حال میں اس علاقے میں مبینہ طور پر منشیات کی سمگلنگ میں ملوث کئی چھوٹے بحری جہازوں پر حملے کیے گئے ہیں۔






















