وفاقی آئینی عدالت کے دو مزید ججوں جسٹس روزی خان اورجسٹس (ر)ارشد حسین شاہ نےحلف اٹھا لیا ۔ عدالت کےججز کی تعداد 7 ہو گئی۔ چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار مقدمات کی باقاعدہ سماعت کا آغاز کر دیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر دو کو وفاقی آئینی عدالت کیلئے مختص کیا گیا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت میں پہلے روز عدالتی کارروائی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ۔ چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کر رہا ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ آئینی عدالت کے بینچ ون کا حصہ ہیں ۔ بینچ آج 5 مقدمات کی سماعت کرے گا۔
اس سے قبل چیف جسٹس امین الدین خان نے دو مزید ججوں جسٹس روزی خان اور جسٹس (ر)ارشد حسین شاہ سے حلف لیا۔ تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز جسٹس حسن اظہر رضوی ، جسٹس عامر فاروق ، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس کےکےآغا موجود تھے۔
اسلام اباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ، جسٹس ارباب طاہر، جسٹس خادم حسین سومرو ، جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس اعظم خان بھی شریک ہوئے ۔ وفاقی آئینی عدالت کے بینچ ٹو میں جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس کے کے آغا جبکہ بینچ تھری میں جسٹس عامرفاروق اور جسٹس روزی خان بڑیچ شامل ہیں۔



















