حیدرآباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید 2 افراد دم توڑ گئے۔
حیدرآباد واقعے کے 2 زخمی کراچی کے اسپتال میں دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق کراچی میں دم توڑجانے والوں میں 45 سال کا شیراز اور 35 سال کا نعیم شامل ہیں۔ دھماکے اور آتشزدگی میں مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
دوسری جانب دھماکے کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کرلیا گیا ۔ پولیس کسی کو گرفتار نہیں کرسکی ۔ ذمہ داران ابھی تک قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔ پولیس کی مدعیت میں تھانہ بی سیکشن میں درج مقدمے میں دہشت گردی، قتل بالسبب اورلاپرواہی سمیت دیگردفعات شامل ہیں۔ گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔
فیکٹری مالک کےجھلس کر جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ فیکٹری کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔ کئی انسانی اعضا نکالے جاچکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں سے 4 کی شناخت ہوگئی۔






















