فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف جنگ میں فتح اللہ کی طرف سے ملی۔ اللہ نے پاکستان کو جنگ میں فتح دی۔ جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیں گے جیسا مئی میں دیا تھا۔
ایوان صدر میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کی تقریب اور ظہرانہ دیا گیا۔ شرکا کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صلاحیتوں کی تعریف کی گئی۔
ایوان صدر میں معزز مہمان کو نشان پاکستان دینے کی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر توجہ کا مرکز رہے۔ شرکا نے بھارتی جارحیت کے جواب میں تاریخی فتح پر آرمی چیف کی بھرپور پزیرائی کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کیخلاف جنگ میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہمیں تاریخی فتح ملی۔ کہا مسلمان سپاہی جنگوں میں دشمن پر ریت بھی پھینکتے تھے تو فتح ملتی تھی۔ بھارت کے خلاف جنگ میں یہی ہمارا جذبہ تھا جس کے نتیجے میں ہمیں اللہ کی طرف سے نصرت ملی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ جنگ مسلط کرنے والوں کو اسی طرح جواب دیں گےجیسا مئی میں دیا تھا۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم سب ایک خاندان ہیں ۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ، امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر اور دیگر اہم شخصیات بھی شریک تھیں۔






















