حکومت نے بچوں کیخلاف جرائم کی روک تھام کیلئے موبائل ایپلیکیشن ’’زارا‘‘ کا اجراء کردیا۔ نگران وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کے معصوم بچوں کیلئے بھی آواز اٹھا دی، غزہ میں بچوں کی اموات کو ہولوکاسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل افواج بچوں کو قتل نہیں کرتیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے معاملے پر اپنے مقاصد سے ہٹ رہی ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج (پیر) کو اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران ’’زینب الرٹ، ریسپانس اینڈ ریکوری‘‘ (زارا) موبائل ایپ کا اجراء کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ اقدام بچوں کے تحفظ کیلئے ایک ناقابل تسخیر قلعے کا کام کرے گا، لاپتہ اور اغواء شدہ بچوں سے متعلق الرٹ کے بروقت اجراء سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ان کی فوری بازیابی میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے بچوں سے ناروا سلوک، تشدد، بے گھر ہونے اور اغواء سمیت بچوں کو ہر قسم کے نقصان سے محفوظ کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ہر بچے کو نگہداشت کا بہتر ماحول، معیاری، تعلیم اور صحت تک رسائی اور صلاحیتوں سے استفادے کا موقع ملنا چاہئے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت بچوں کے حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے کنونشن کی پاسداری کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے۔
غزہ میں بچوں کے بہیمانہ قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کا یہ وحشیانہ اور ظالمانہ قتل عام فوری طور پر بند ہونا چاہئے، اس مسلسل جارحیت کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے۔
انوا الحق کاکڑ نے غزہ میں بچوں کے قتل عام کو ہولوکاسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروفیشنل افواج بچوں کو قتل نہیں کرتیں، اقوام متحدہ انسانی حقوق کے معاملے پر اپنے مقاصد سے ہٹ رہی ہے۔
زارا ایپ کی خصوصیات اور استعمال
رپورٹ کے مطابق یہ زارا ایپ بچوں کے لاپتہ اور اغواء ہونے سے متعلق اطلاع دینے کیلئے استعمال کی جاسکتی ہے، ایپ استعمال کرنے والے لوگ بچے کے لاپتہ ہونے کے بارے میں مکمل معلومات کے ساتھ بچے کی تصویر اپ لوڈ اور متعلقہ محکموں کو فوری کارروائی کیلئے چوکس کرسکیں گے۔
ایپ ملک بھر کے تمام تھانوں سے منسلک ہے اور اس کے ذریعے تحقیقاتی عمل اور تازہ معلومات پر پیشرفت کا بھی پتہ لگایا جاسکے گا۔
تقریب سے خطاب میں انسانی حقوق کے وزیر خلیل جارج نے کہا کہ بچے پاکستان کا مستقبل اور اثاثہ ہیں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔