وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خیبرپختونخوا میں نئے ٹول پلازے قائم کرنے کی ہدایت کردی ۔ ٹول پلازوں سے حاصل ہونے والی آمدن خیبرپختونخوا کے شاہراتی نظام پر خرچ ہو گی۔ وزیر مواصلات نے واضح کر دیا کہ ٹول پلازوں پر توڑپھوڑ برداشت نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کی زیرِصدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ این ایچ اے حکام نے جاری منصوبوں اور مالی واجبات پر بریفنگ دی۔ عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا میں نئےٹول پلازے قائم کرنے کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے۔ نئےٹول پلازوں کی آمدنی خیبرپختونخوا کے شاہراتی نظام پر خرچ ہوگی۔ ساتھ ہی واضح کیا کہ ٹول پلازوں پر توڑ پھوڑ برداشت نہیں کی جا سکتی، این ایچ اے ملوث افراد کے خلاف فوری طورپر ایف آئی آر درج کرائے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا محصولات کی وصولی ترقیاتی اور مرمتی منصوبوں کے تسلسل کے لئے ناگزیر ہے۔ ایک کروڑ روپے سے زائد واجبات والے منصوبوں کی انسپیکشن لازمی قرار دیدی۔ سیکرٹری مواصلات ذاتی طور پر منصوبوں کا دورہ کریں گے اور ان کی منظوری معائنے کے بعد دی جائے گی ۔
وزیر مواصلات نے این ایچ اے میں کرپشن ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کہا کہ معمول کے مرمتی منصوبے بدعنوانی کو فروغ دیتے ہیں ۔ کسی بھی افسر یا اہلکار کو کرپشن کرنے نہیں دی جائے گی ۔ ہر سطح پر افسران کو دیانت داری سے کام کو یقینی بنانا ہو گا۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔





















