وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلرز کے خلاف کراچی میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلرز کے خلاف ایکش جاری ہے جبکہ 8 کارروائیوں کے دوران مزید 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار کئے جانے والے ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی جس میں 49 ہزار 500 امریکی ڈالرز، ایک ہزار یورو اور 3 کروڑ سے زائد پاکستانی کرنسی شامل ہے۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے زیر استعمال دفاتر اور دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔
دوسری جانب ایف آئی اے کراچی نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ایجنٹوں کا ڈیٹا مرتب کر لیا ہے جس میں ان کا بینک ریکارڈ، سفری ریکارڈ اور رشتے داروں کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم ملزمان کی گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطہ کر لیا گیا ہے اور انٹرپول ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کرے گا۔