حکومت سندھ خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ جلد شروع کرنے جا رہی ہے،جس کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، تربیتی کورسز میں حصہ لیں اور پنک اسکوٹیز پروگرام میں رجسٹریشن کرائیں۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے خواتین کو مفت ٹریننگ کے ساتھ ساتھ مفت ڈرائیونگ لائسنس بھی فراہم کیے جا رہے ہیں،پہلے مرحلے میں پنک اسکوٹیز منصوبے کوعوام کیجانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی تھی۔درجنوں خواتین نے ڈرائیونگ سیکھی،لائسنس حاصل کیے اوراپنی روزمرہ مصروفیات کے لیے اسکوٹیز استعمال کررہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور محفوظ انداز میں اپنے تعلیمی و پیشہ ورانہ سفر کو جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز بس سروس،پنک بس سروس اور دیگر منصوبے شہریوں کو سستی،محفوظ اور باوقار سفری سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خواتین کو سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنانا پیپلز پارٹی کے انسانی فلسفے کا حصہ ہے اور خواتین کو بااختیار بنانا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کا تسلسل ہے۔
اسکیم کی اہلیت کا معیار
اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا سندھ کا مستقل شہری اور اسٹوڈنٹ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے پاس مصدقہ ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے اسکوٹی ملنے پر 7 سال تک اسے فروخت نہ کرنے کی پابند ہوگی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خواتین کو سڑک کی حفاظت کے لیے مہارت کا امتحان دینا ہوگا۔
ای وی اسکوٹیز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے۔
مفت پنک اسکوٹی کے لیے اپلائی کیسے کریں
درخواست دینے کے لیے آفیشل ویب سائٹ پر جائیں اور درخواست فارم” پر کلک کریں۔ مطلوبہ دستاویزات منسلک کریں، اور جمع کرائیں۔





















