وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام میں نمایاں بہتری آئی ہے، معاشی استحکام پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے، محمد اورنگزیب
ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت بنیادی اصلاحات کررہی ہے، تین عالمی ریٹنگ ایجنسیاں توثیق کر چکی ہیں، ہماری معاشی سمت درست ہے، معاشی استحکام پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام،توانائی سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، پنشن اصلاحات،رائٹ سائزنگ بھی بنیادی اصلاحات کا حصہ ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو چکا ہے۔
اس موقع پر چئیرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا کہ راوں سال انفرادی ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 18 فیصد اضافے کے ساتھ ٹیکس ریٹرن کی تعداد 49 لاکھ سے بڑھ کر 59 لاکھ ہوگئی۔ ٹیکس اصلاحات میں وقت درکار ہوتا ہے۔ انکم ٹیکس گیپ 1.7 ٹریلین روپے ہے۔
وزیرتوانائی اویس لغاری نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے، توانائی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوارکررہے ہیں، گزشتہ18ماہ میں بجلی کی قیمت میں ساڑھے10فیصد تک کمی کی ہے، اب حکومت بجلی نہیں خریدے گی ، توانائی کے شعبے میں وہ اصلاحات کی گئیں جو کبھی نہیں ہوئی، ایک سال میں گردشی قرضے میں700ارب روپے کی کمی لائے ہیں۔
مشیر برائے نجکاری نے کہا کہ آنے والے وقتوں میں نجکاری میں تیزی آئے گی، وزیراعظم نجکاری کیلئے مکمل پرعزم ہیں، نجکاری کمیشن کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے، فرسٹ ویمن بینک پانچ ارب روپے میں فروخت کیاگیا، حکومت نجکاری عمل میں شفافیت یقینی بنا رہی ہے۔




















