سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی انتقال کرگئے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ کراچی میں ادا کی گئی ۔ آفتاب شعبان میرانی کا تعلق ضلع شکارپور سے تھا اور وہ طویل عرصے سے کراچی میں مقیم تھے ۔ صدر مملکت،وزیراعلیٰ، گورنر سندھ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا۔
کراچی میں مرحوم آفتاب شعبان میرانی کی نماز جنازہ ڈیفنس فیز فور بیت الاسلام میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ، نثار کھوڑو، وقار مہدی اور امتیاز شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آفتاب شعبان میرانی کی میت کو کندھا دیا ۔ آفتاب شعبان میرانی کا شمار پیپلز پارٹی کے سینیئر ترین رہنماﺅں میں ہوتا تھا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قریبی رفقا میں شامل تھے ۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی۔






















