وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سامان کی ترسیل میں درپیش رکاوٹیں دور کریں گے۔ ایران سے تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ایرانی کمرشل قونصلر محسن شہبازی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ایرانی سفیر سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں پاکستان اور ایران کے مابین محبت اور خیر سگالی میں کئی گنا اضافہ ہوا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایران سے تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ تجارتی سامان کی ترسیل میں درپیش رکاوٹیں دور کریں گے۔ این ایل سی سے بھی اس ضمن مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے اظہار تشکر کیا۔ کہا وزرائے ٹرانسپورٹ کی علاقائی کانفرنس کا کامیاب انعقاد لائق ستائش ہے۔ رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاک ایران تعلقات گزشتہ 40 برسوں کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ ایران پاکستان سے مکئی کی خریداری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔






















