آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں اِن ہاؤس تبدیلی کی کوششوں کے پیش نظر پاکستان پیپلز پارٹی نے نئے وزیراعظم آزاد کشمیرکیلئے چوہدری یاسین کا نام فائنل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری یاسین کے نام پر حتمی فیصلہ اسلام آباد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت بھی شریک تھی۔
اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور ان ہاؤس تبدیلی کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی وزیر اعظم انوارالحق کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک آئندہ دو روز تک پیش کریگی: ذرائع
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے چار ناموں پر غور ہو رہا تھا جن میں چوہدری یاسین، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور اور سردار یعقوب شامل تھے۔
مشاورت کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چوہدری یاسین کے نام کو حتمی منظوری دی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے نئے قائدِ ایوان کے نام کا باقاعدہ اعلان آج رات تک متوقع ہے۔






















