وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ افغان طالبان پوری طرح سے بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، اسی وجہ سے استنبول میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہو سکے، ثالثوں پر بھی عیاں ہوگیا کہ کابل کی نیت میں فتور ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ استنبول میں افغانستان سے مذاکرات کا معاملہ کل شام ختم ہوا، کابل کی نیت میں فتور کی وجہ سے معاہدے پر اتفاق نہیں ہو سکا، ثالثوں پر بھی عیاں ہوگیا کہ کابل کی نیت ٹھیک نہیں، افغانستان پوری طرح بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، افغانستان ریاست کی تعریف پر بھی پورا نہیں اترتا۔
خواجہ آصف سے سوال ہوا کہ اگر اب ملک میں دوبارہ دہشت گردی ہوئی تو کیا کریں گے؟ وزیر دفاع نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر افغانستان کی زمین استعمال ہوئی تو ہم جواب دیں گے، سرحدی حدود کی خلاف ورزی ہوئی تو ہم بھی حملہ کریں گے، خلاف ورزی پر افغانستان کے اندر جاکر بھی جواب دینا پڑا تو دیں گے۔






















