صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر ترک قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ تینوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ، تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ترک قوم کی استقامت اور وژن دنیا کے لیے مشعل راہ ہے۔ مصطفی کمال اتاترک کی قیادت نے ترقی و اصلاحات کی نئی راہیں کھولیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ علامہ اقبال اور قائداعظم نے ترک قیادت کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان اور ترکیہ مذہبی و تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کی شاندار ترقی اور معاشی بحالی صدر اردوان کی مدبرانہ قیادت کا نتیجہ ہے۔ پاکستان اور ترکیہ عقیدے اور بھائی چارے کے مضبوط بندھن میں جڑے ہیں۔ ہمارے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ کا یوم جمہوریہ خودداری اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اتاترک سے شروع ہونے والا سفر آج نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلوں، سیلابوں اور آزمائشوں میں ترکیہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ پاک ترک دوستی دو دل، ایک جذبہ اور ایک منزل کی کہانی ہے۔






















