وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے کہاہے کہ ستر فیصد بیماریوں کی وجہ آلودہ پانی ہے جبکہ پاکستان میں ہرسال نیوزی لینڈ جتنی آبادی بڑھ رہی ہے ایسے میں ہربیمار شخص کا خیال کیسے رکھا جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے اسلام آباد مین لائف اسٹائل میڈیسن کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا پمز اسپتال جائیں تو لگتا ہے کوئی سیاسی جلسہ ختم ہوا ہے۔ ایک ڈاکٹر 200 کے قریب مریضوں کو دیکھ رہا ہے۔ پرائمری،سیکنڈری اسپتال نہیں ہیں لیکن ہرسال نیوزی لینڈ جتنی آبادی بڑھ رہی ہے۔ پاکستان کا ہیلتھ کیئر سسٹم خستہ حال ہے۔
وزیرصحت مصطفیٰ کمال نے ستر فیصد بیماریوں کی وجہ آلودہ پانی کو قرار دیا اور کہا سیوریج ٹریٹمنٹ کی پاکستان میں سوچ ہی نہیں ہے۔ ایسے میں ہربیمارشخص کا خیال کیسے رکھا جاسکتا ہے؟بطور وزیر صحت کہہ سکتا ہوں کہ یہ ممکن ہی نہیں ہے۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم لوگ کس جانب بڑھ رہے ہیں۔ جاگنےکےوقت انسان سورہا ہے اور سونے کے وقت جاگ رہا ہے۔ قدرت کےسکھائےقوانین کےجتنا قریب رہیں گےاتنا لمبا چلیں گے۔






















