پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز سے متعلق متبادل پلان تیار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کی رکنیت ختم ہونے کی صورت میں نئے مالک کو جلد از جلد فائنل کیا جائیگا۔ پی سی بی نے کچھ سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطہ کیا، ملتان سلطان کرکٹ ٹیم خریدنے میں سرمایہ کاروں نےدلچسپی ظاہر کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور ملتان سلطانز کی موجودہ مینجمنٹ کے ساتھ معاملات طے نہ ہوئے تو فرنچائز فروخت کر دی جائے گی، پی سی بی لیگ کی ویلیوایشن کے عمل کے قریب کوئی ایسا اقدام نہیں کرنا چاہتا جس سے لیگ کی ساکھ متاثر ہو۔
پی سی بی اور ملتان سلطانز کی موجودہ منیجمنٹ کے درمیان کچھ معاملات پر تعلقات خراب ہوئے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے گزشتہ روز سلطانز مینجمنٹ کو قانونی نوٹس بھی بھیجا تھا۔ قانون نوٹس میں فرنچائز کی رکنیت منسوخ کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔





















