پاکستان نے جونیئر ہاکی ورلڈکپ کیلئے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیاہے اور بھارت کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 28 نومبر سے 10 دسمبر تک انڈیا میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں ٹیم نہ بھیجنے سے متعلق انڈین حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے، موجودہ حالات میں کھلاڑیوں کو سکیورٹی رسک میں نہیں ڈالا جا سکتا، اگر نیوٹرل وینیو پر میچ کھیلنے کی پیش کش کی گئی تو دوبارہ غور کیا جا سکتا۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم نے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ انڈین حکام کے متعصبانہ رویے کی وجہ سے ہم اپنی جونیئر ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے انڈیا نہیں بھیجیں گے، فیصلے سے متعلق انڈیا کو آگاہ کر دیا گیا ہے، انڈیا کا ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
سیکرٹری نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ انڈین حکومت کھیلوں پر بھی نفرتوں کا اضافہ کر رہی ہے، ایسے حالات میں وہاں ہمارے کھلاڑی کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں، وہ تو کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملاتے اپنے ملک میں کیا سلوک کریں گے۔






















