نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 16 تا 22 جنوری شمالی علاقہ جات میں شدید برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کی آمد کے باعث شدید بارش اور برفباری متوقع ہے، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیرمیں شدید بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
گلگت، ہنزہ، اسکردو، استور، چترال، دیر، مالم جبہ، سوات میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے، بٹگرام، ناران، کاغان، گلیات اور مری میں بھی درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایمرجنسی سنٹر نے مذید سخت سردی کا الرٹ جاری کردیا۔ الرٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، سردی، برف باری اور بارش میں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
قبل ازیں پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نےخشک موسم کے خاتمے اور بارشوں کی نوید سنادی۔ 16 سے 19 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا۔ 20 سے23 جنوری کے دوران مری گلیات اوردیگرعلاقوں میں برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آبادمیں بھی بارش متوقع ہے، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 20 سے 23 جنوری کے دوران اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ تئیس جنوری کو خیبرپختونخوا کےبالائی علاقوں میں بارش اور برفباری جبکہ اکیس سے تئیس جنوری تک بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
سندھ کے مختلف مقامات پر 22 سے 23 جنوری تک بارش کا امکان ہے۔ بارش اور برفباری سے بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خراب موسم میں غیر ضروروی سفر سے اجتناب کریں۔






















