پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کئی ہفتوں سے اضافے کا رجحان رہا تاہم گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بین کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 53 پیسے کی کمی دیکھی گئی اور ایک ڈالر کی قیمت 286.50 روپے کی سطح پر آگئی۔ اسٹیٹ بین کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 287 روپے تین پیسے پر بند ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو ایک ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں 276.83 روپے کی سطح تک گر گئی تھی جو ستمبر کے شروع میں 307.10 کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔ اس کے بعد اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں ترمیم کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 17 اکتوبر کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ 16 نومبر کو پاکستان میں لگاتار 17 دن تک ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد روپے کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاہدے کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔