پاکستان بحریہ کے جہاز نے بحیرہ عرب سے 97 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منشیات پکڑلیں۔ جس میں کئی ٹن کرسٹل میتھ ایمفیٹامین اور کوکین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کی کارروائی میں 97 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی ۔ آپریشن سعودی قیادت میں قائم کومبائنڈ ٹاسک فورس ون ففٹی کے تحت انجام دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائی پاک بحریہ کے علاقائی سمندری سلامتی کے عزم کی عکاس ہے۔ پاک بحریہ سمندری دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے جہاز کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اورلگن کو سراہا۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ قومی سمندری مفادات کے تحفظ اور عالمی امن کے فروغ کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔سعودی قیادت میں آپریشن سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے تعاون اور باہمی استعداد میں اضافہ ہوگا۔






















