ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل ہیدیکی ایواساکی سربراہی میں اسلام آباد کا دورہ کیا اس موقع پر اے ڈی بی مشن وفد کی وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات ہو ئی جس دوران مختلف منصوبوں پر اجلاس ہوا۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ مفاد عامہ کی شاہراہوں کی جلد از جلد تعمیر اولین ترجیح ہے، این ایچ اے کے ریونیو میں ریکارڈ اضافہ ہواہے ، مالی لحاظ سے خود مختار بنا رہے ہیں۔
انہوں نے گفتگو کے دوران بتایا کہ لاہور،سیالکوٹ، کھاریاں اور پنڈی موٹروے سے 100کلومیٹر فاصلہ کم ہوگا، موٹرویز پر حد رفتار کی سختی سے پابندی، شاہراہیں محفوظ بنا رہے ہیں، موٹرویز پر ایمرجنسی ریسکیو سروسز اور ائیر ایمبولنس متعارف کروا رہے ہیں، کراچی سے حیدرآباد موٹروے کی تعمیر کراچی بندرگاہ سے شروع کر رہے ہیں۔ہیدیکی ایواسا نے کہا کہ پاکستان اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔
وزیر مواصلات نے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس میں اے ڈی بی مشن کی شمولیت قابلِ تحسین ہے، کیرک پراجیکٹ روڈ انفراسٹرکچر میں اے ڈی بی کی بہترین شرکت ہے، این ایچ اے پیشہ ورانہ انداز میں کیرک پراجیکٹ کو مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
اے ڈی بی مشن نے اسلام آباد میں ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 کے انعقاد کو سراہا ، وفاقی وزیر نے سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو اے ڈی بی سے باہم رابطے کی ہدایت کی ۔






















