نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دوحا میں پاکستان اور افغان طالبان انتظامیہ کے معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کو روکنے کیلئے مؤثر مانیٹرنگ سسٹم کو ناگزیر قرار دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم " ایکس " پر پیغام میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا معاہدہ درست سمت کی جانب پہلا قدم ہے ۔ معاہدے میں قطراور ترکیہ کی جانب سے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ انتہائی سنگین ہے۔ ترکیہ میں آئندہ مشاورتی اجلاس میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے موثر اور قابل تصدیق نگرانی کے نظام کا قیام چاہتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے زور دیا کہ مستقبل میں پاکستان اور افغانستان میں کسی بھی جانی نقصان کو روکنا انتہائی اہم ہے۔






















