وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے امریکا میں پندرہویں وی ٹونٹی وزارتی اجلاس میں شرکت کیں۔ پاکستان میں سیلابوں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تسلسل کو اجاگر کیا۔ پاکستان کے کلائمیٹ پراسپرٹی پلان کی تیاری میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں سرمائے کی لاگت ، قرض اور ترقی کے راستے کے موضوع پر بحث کی گئی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیرخزانہ نے کہا حکومت اپنے وسائل سے سیلاب سے متعلق بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں کے اخراجات پورے کرے گی۔ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت فنڈنگ دستیاب ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فوری طور پر فعال کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے گرین کلائمیٹ فنڈ میں فیصلہ سازی کا عمل تیز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
وزیر خزانہ کی آئی ایف سی مینیجنگ ڈائریکٹر مختار ڈیوپ سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے آئی ایف سی کی حالیہ تنظیمِ نو میں پاکستان کو علاقائی مرکز کا درجہ دینے پر شکریہ ادا کیا اور اس فیصلے کو پاکستان کی معیشت پر اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ مختار ڈیوپ کو ریکوڈک منصوبے میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ ایگزِم بینک جلد اس منصوبے میں شمولیت اختیار کرے گا، وزیر خزانہ نے مالیاتی تعاون اور ڈیجیٹل پیمنٹ رائٹس کے منصوبوں میں آئی ایف سی کی معاونت کو سراہا۔ دوا سازی ، الیکٹرک گاڑیوں اور کموڈیٹی ایکسچینجز کے شعبوں میں مشاورتی کردار کی بھی تعریف کی ۔ مینیجنگ ڈائریکٹر کے آئندہ بہار اجلاس کے موقع پر دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔
وزیرِخزانہ اور مختار ڈیوپ نے اسٹیٹ بینک اور آئی ایف سی کے درمیان سواپ ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔






















