زمبابوے نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت قبول کرتے ہوئے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق کر دی۔
پی سی بی کے مطابق افغانستان کی جگہ زمبابوے اب اس سیریز میں حصہ لے گا۔ تین ملکی سیریز میں پاکستان، زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔یہ سیریز 17 سے 29 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔
افتتاحی میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 17 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ سری لنکا اور زمبابوے کا مقابلہ 19 نومبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔
22نومبر کو پاکستان اورسری لنکا لاہور میں آمنے سامنے ہوں گے، 23 نومبر کو پاکستان اور زمبابوے لاہورمیں مدمقابل ہوں گے، 25 نومبر کو زمبابوے اور سری لنکا کا میچ لاہور میں ہو گا، 27 نومبر کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ لاہورمیں کھیلا جائے گا، تین ملکی ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو لاہورمیں ہوگا۔
یاد رہے کہ افغانستان کی جانب سے سہ ملکی سیریز میں شرکت سے انکار کے بعد پی سی بی نے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیریز اپنے شیڈول کے مطابق ہی ہو گی ، تیسری ٹیم کا آپشن دیکھا جارہاہے ۔
خیال رہے کہ افغانستان کا کرکٹ بورڈ بھی پاکستان دشمنی میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے نقش قدم پر چل پڑا۔حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچز منسوخ کردیے۔ پاکستان میں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ نومبرمیں ہونےوالی ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کو شرکت کرنی تھی۔






















