فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہر پراکسی کو خاک میں ملادیں گے، اپنی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو لینے نہیں دیں گے۔ بھارتی فوجی قیادت سن لے اگر دوبارہ جارحیت کی تو بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کردیں گے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے پروقار تقریب سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اندرونی اور بیرونی چیلنج کا بھرپور مقابلہ کیا، معرکہ حق میں پاک فوج نے ملک کا بھرپور دفاع کیا، اللہ کے کرم سے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج نے قوم کی حمایت کے ساتھ سرحدوں کا دفاع کیا، آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کا پاک فوج پر اعتماد مزید بلند ہوا، پاک فوج نے عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے، بھارت نے جلد بازی میں الزام تراشی کی،غیرجانبدارانہ تحقیقات سے گریز کیا۔ ازلی دشمن کے خلاف پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرکے رافیل طیاروں کو مار گرایا، دشمن کی متعدد بیسز بشمول دفاعی سسٹم کو نشانہ بنایا، بھارتی جارحیت کے خلاف نوجوانوں کا جذبہ بھی قابل تعریف ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کے خلاف ہر پراکسی کو خاک میں ملادیں گے، اپنی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو لینے نہیں دیں گے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوجی قیادت سن لے،نیوکلیئر انوائرمنٹ میں دونوں ممالک میں جنگ کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کا دفاعی نظریہ کریڈیبل ڈیٹرنس اور دائمی تیاری پر مبنی ہے، پاکستان دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، دوبارہ جارحیت کی تو بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کردیں گے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ غزہ میں امن کیلئے پاکستان نے بہترین کردار ادا کیا، حرمین شریفین کے دفاع کی ذمہ داری ہمارے لیے باعث فخر ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ کی دنیا میں قیام امن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطےمیں امن کیلئے کردار ادا کر رہاہے، دشمن پاکستانی افواج اورعوام کےدرمیان دوری پیدا کرنا چاہتاہے، نوجوان ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن کا حصہ نہ بنیں، مسلح افواج اور قوم کا رشتہ غیر متزلزل ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہورہی ہے، افغانستان کے لوگ دائمی تشدد کے بجائے باہمی سلامتی کا انتخاب کریں، طالبان رجیم کو ان پراکسیز پر لگام ڈالنی چاہیے، یہ پراکسیز پاکستان میں گھناؤنے حملوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کرتی ہیں۔ ہرقسم کی دہشتگردی اور پاکستان کیخلاف پراکسی وار خاک میں ملادیں گے۔
فیلڈمارشل کا کہنا تھا کہ اسلام کی غلط تشریح کرنے والے مٹھی بھر دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے، سیکیورٹی ادارے، مسلح افواج عوام کےتعاون سے اس لعنت کوبھی شکست دیں گے، روایتی میدان میں جیت کی طرح پڑوسی کی ہر ریاستی پراکسی کوخاک میں ملادیا جائیگا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف پرثابت قدم ہے، مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی، جبر، مظالم کا خاتمہ ہوناچاہیے، کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ حکومت کی انتھک کوششوں سے ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے لیے تیار ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے پروقار تقریب سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مثبت معاشی اشاریے سرمایہ کاری کیلئے بہترین ہیں، دہائیوں سے زمین کے نیچے چھپے معدنی خزانوں کی کان کنی روشن مستقبل کی نوید سنارہے ہیں ۔ ہمارے باصلاحیت نوجوان مختلف شعبوں میں کارنامے سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج کو دنیا بھر میں نمایاں احترام حاصل ہے۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹی گریٹڈ کورس مکمل کرنے والوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منققد ہوئی۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس میں دوست ممالک کے40 کیڈٹس شامل ہیںِ، 40 کیڈٹس کا تعلق سری لنکا، عراق، فلسطین، نائیجیریا، بنگلادیش سے ہے، قطر، مالدیپ، مالی، نیپال اور یمن کے کیٹڈٹس بھی شامل ہیں۔






















