کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں فیکٹری ملازمین کی پوری بس کو لوٹ لیا گیا، 4 مسلح ملزمان 25 سے زائد افراد سے موبائل اور نقدی چھین کر باآسانی فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا۔
کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ شاہ فیصل کالونی میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے اسلحے کے زور پر فیکٹری ملازمین سے بھری بس کو روکا اور منٹوں میں 25 سے زائد ملازمین کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق فیکٹری ملازمین کی بس میں خواتین بھی موجود تھیں، ملزمان نے لوٹ مار کے دوران رقم اور موبائل نہ دینے پر ملازمین پر تشدد بھی کیا۔
واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا، پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔