افغان طالبان کی جانب سے جارحیت کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس جاری ہے، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت کے تناظر میں وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں ملکی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم بڑے فیصلے متوقع ہیں۔
اعلیٰ سطح کےاجلاس میں 3 صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزادکشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے شرکت نہیں کیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان کے ساتھ جاری کشیدگی پرغور کیا جائے گا۔ ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی فوری واپسی کے حوالے سے بھی بڑے فیصلے کا امکان ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم شرکت
اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی عدم شرکت کی وجہ سامنے آگئی، سہیل آفریدی نے وفاق سے تعاون مشروط کر دیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا پیغام وفاق کو بھیج دیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے شرکت سے خود انکار کیا، سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کروانے تک وفاقی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی شرط رکھ دی۔ کہا بانی تحریک انصاف سے ملاقات کروائی جائے گی تو معاملہ آگے بڑھے گا۔






















