کرم میں افغان طالبان اورفتنہ الخوارج کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک گھنٹے کے دوران طالبان کی چوتھی ٹینک پوزیشن شمشاد پوسٹ تباہ کر دی، بھاری جانی نقصان کے دوران ایک اہم کمانڈر کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کرم سرحد پر بلااشتعال حملے کے خلاف پاک فوج کی جوابی کارروائی پر طالبان پوسٹوں پر آگ بھڑک اٹھی، طالبان کا ٹینک بھی تباہ ہوگیا اور بھاری جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ طالبان اپنی پوسٹیں اور وہاں موجود اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔ کارروائی میں ایک اہم کمانڈر کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک اور جوابی کارروائی میں پاک فوج نےطالبان کےچلتےٹینک کو نشانہ بناکرتباہ کیا جس کی فوٹیج بھی جاری کردی گئی ہے ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر بھی کارروائی جاری ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے باعث سرحد کی دونوں جانب سے شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے ۔
یاد رہے کہ 11 اکتوبر کی رات افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدپر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھر پور جواب دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس اندازوں اور نقصانات کے تخمینے کے مطابق سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کے دوران 200 سے زیادہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے دوران طالبان کی پوسٹوں، کیمپوں، ہیڈکوارٹرز اور دہشت گردوں کے سپورٹ نیٹ ورکس کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا گیا ۔






















