اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اولمپیئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی لگادی۔ اے ایف پی نے حبیب شاہ پر بھی 10 سال کی پابندی عائد کردی۔
اعلامیے کے مطابق پابندی پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیرقانونی انتخابات کرانے پرلگائی، پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات بھی کالعدم قرار دے دیئے گئے۔
اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب اتھلیٹکس کے انتخابات اے ایف پی کے آئین کے مطابق نہیں تھے، اے ایف پی نے انتخابات کا جائزہ لینے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔ سلمان اقبال بٹ اور حبیب شاہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہی نہ ہوئے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے آئین کی خلاف ورزی اور غیر قانونی سرگرمیوں پر سزا کی سفارش کی، سلمان اقبال بٹ کسی قسم کی ایتھلیٹکس سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ فیڈریشن نے تمام ملحقہ یونٹس اور اداروں کو بھی پابندی کے فیصلے سے آگاہ کردیا۔






















