وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کےلیے ایک روزہ سرکاری دورے پر کل مصر روانہ ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت دیگر وزراء بھی وزیراعظم کے ساتھ ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم دو دورے کی دعوت مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دی، وزیراعظم شرم الشخ امن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق سربراہی اجلاس گزشتہ ماہ نیویارک میں شروع ہونے والی سفارتی کوششوں کا تسلسل ہے، وزیراعظم نے 7عرب و اسلامی ممالک کے سربراہان کے ہمراہ امریکی صدر سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں غزہ میں امن کے قیام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے بعد عرب و اسلامی ممالک نے امریکی صدر کی امن کوششوں کو سراہا گیا، امریکا کے ساتھ ملکر پائیدار جنگ بندی اور انسانی بحران کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت فلسطینیوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی مظہر ہے، امید ہے شرم الشیخ امن سربراہی اجلاس اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا باعث بنے گا، فلسطینیوں کے تحفظ،جبری بے دخلی روکنے، قیدیوں کی رہائی اورغزہ کی تعمیر نو کی راہ ہموار ہوگی۔






















