نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اور حساس اداروں نے کراچی کے علاقے موچکو بس ٹرمینل روڈ پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے منسلک دو مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان محمد عبداللہ اور عدنان حساس تنصیبات کی معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے بھارت منتقل کر رہے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور مالی لین دین کے شواہد برآمد کرلیے گئے۔
ابتدائی فرانزک جانچ میں مزید ثبوت بھی سامنے آگئے ہیں، جن کی بنیاد پر تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ را نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔






















