ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک افسر شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرکارروائی میں بھارتی پراکسی “فتنۃ الخوارج” کے7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے میجرسبطین حیدر شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ خوارج سیکیورٹی فورسزسمیت معصوم شہریوں پرمتعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، علاقے میں ممکنہ خوراج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب شہید میجر سبطین حیدر کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردیا گیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، وفاقی وزیر اطلاعات، عسکری و سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ میجر سبطین حیدر شہید کو اُن کے آبائی علاقے کوئٹہ میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا فتنہ الخوارج یا کسی بھی گمراہ نظریئے کے حامل گروہ کو کامیاب نہیں ہونےدیا جائے گا ۔ ہمارے شہدا کا خون اس عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ ہم ہر اُس فتنہ کیخلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں گے جو پاکستان کے امن و خودمختاری کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔






















