پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
جمعہ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت کی جس کے دوران عدالت کی جانب سے قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو حکم دیا گیا کہ تحقیقاتی ٹیم جیل کے اندر چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کر سکتی ہے۔
بعدازاں، عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت 21 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف کیس کی سماعت ملتوی کردی ہے اور یہ حکم دیا ہے کہ نیب جیل کےاندر چیئرمین پی ٹی آئی سےتفتیش کرسکتی ہے، تاہم ملزم کونیب کےحوالے نہیں کیا گیا۔
لطیف کھوسہ کے مطابق نیب کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین نیب نے بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری نہیں کئے۔