وزارت خزانہ کے مطابق ترسیلات زر، برآمدات اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگیا۔ دو ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم جبکہ زرمبادلہ ذخائر بھی نمایاں طور پر بڑھے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا اگست ترسیلات زر میں 7 فیصد اضافہ ہوا، جس کا حجم 6.35 ارب ڈالر رہا۔ اسی عرصے میں برآمدات 10.2 فیصد اضافے سے 5.28 ارب ڈالر تک پہنچیں، جبکہ درآمدات 0.8 فیصد بڑھ کر 10.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ دو ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو کر 62 کروڑ ڈالر رہ گیا۔
رپورٹ کے مطابق براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 22 فیصد اضافہ ہوا جس کا حجم 36 کروڑ 43 لاکھ ڈالر رہا۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر 9.5 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور پرائمری بیلنس 228.9 ارب روپے سرپلس رہا۔




















