لیبیا میں سمندری طوفان ڈینیئل کی تباہ کاریوں کے اثرات جاری ہیں، درنہ شہر میں اموات 5300 سے تجاوز کر گئیں، 10 ہزار سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
لیبیا میں دو روز قبل آنیوالے سمندری طوفان ڈینیئل سے درنہ شہر کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ صفحہ ہستی سے مٹ گیا، ڈیم اور پل ٹوٹ گئے، طوفان کے راستے میں آنے والی عمارتیں اور گھر ملیا میٹ ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق درنہ شہر میں ایک ملبے سے تقریباً 1500 لاشیں ملی ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 5300 سے تجاوز کر گئی، اب بھی 10 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
درنہ میں متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ درنہ شہر میں 10 ہزار لوگ لاپتہ ہوگئے ہیں۔
ایک بیان میں لیبیا کی فوج نے بتایا کہ سمندری طوفان کی وجہ سے درنہ شہر کا 25 فیصد سے 45 فیصد حصہ سمندر میں ڈوب گیا۔
وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ سیلاب کے نتیجے میں پورے پورے خاندانوں کے مرنے کی اطلاعات ہیں، انہوں نے تصدیق کی کہ درنہ میں مرنے والوں کی تعداد 5300 سے تجاوز کرگئی ہے تاہم اموات کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔