اسلامی نظریاتی کونسل نے ود ہولڈنگ ٹیکس کے متعلق وضاحت جاری کر تے ہوئے کہاہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس کےمتعلق حتمی رائےقائم کرنے کی بات درست نہیں، حقیقتاً چند اراکین نے اس پر ابتدائی بحث کی اورجس میں اراکین کی آراء مختلف تھیں۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق اراکین نے ود ہولڈنگ ٹیکس پر اگلے اجلاس میں ماہرین سے مشاورت کرنے کا کہا، اسلامی نظریاتی كونسل كےآئندہ اجلاس میں اس پر سیر حاصل بحث كی جائے گی، متعلقہ ماہرین سے رائے لی جائے اور زیربحث مسئلے پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
اس سے قبل چیئرمین راغب نعیمی کی زیر صدارت اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیہ میں بینک سے رقم نکالنے یا منتقل کرنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دیا گیا تھا جبکہ کونسل نے دیت کے قانون میں پیش کردہ ترمیم بل سے عدم اتفاق کیا ، اجلاس میں شوگر کے مریضوں کیلئے خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسولین سے گریز پر زور دیا گیا اور غیرمدخولہ عورت کو طلاق کی صورت پر نان و نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دینے کاسپریم کورٹ کا فیصلہ قرآن و سنت کے منافی قرار دے دیا گیا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی نے کہا کہ قرآن سنت کے دائرے کار میں رہتے ہوئے شرعی طور پہ ہمیں اس کے بارے میں کہا گیا کہ آپ ہمیں بتائیں بینک میں ہی موجود اپنی ہی رقم کے اوپر ود ہولڈنگ ٹیکس کا دیا جانا یہ غیر شرعی ہے اس کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے کسی بھی طور پہ یہ جائز نہیں ہے کہ اس رقم کو کاٹا جائے۔
اعلامیے کے مطابق انسانى دودھ بینک كے قیام کی مشروط اجازت بھی دے دی گئی ۔ اعلامیے میں کہا گیا اس معاملے میں مفاسد سے بچاؤ کیلئے پہلے لازمی قانون سازی کی جائے اور اس میں کونسل کو شامل کیا جائے ۔دیت کے قانون میں ترمیم کیلئے پیش بل مسترد کر دیا گیا، کونسل نے قرار دیا کہ بل میں چاندی کو حذف اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا۔دیت کی شرعی مقداریں یعنی سونا، چاندی اور اونٹ قانون میں شامل رکھی جائیں۔ حلال اجزاوالی انسولین دستیاب ہوتو خنزیرکےاجزا پرمشتمل انسولین سےپرہیزکیاجائے۔
ایف بی آر کا ردعمل
بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے یا منتقلی پر ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار دینے کے اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس سے متعلق اسلامی نظریاتی کونسل کےفیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے ایف بی آرکو کونسل کی اس رائے سےاختلاف ہے جس میں ودہولڈنگ ٹیکس کو زیادتی کے مترادف قراردیا گیا ہے ۔ کونسل نے چیئرمین راغب نعیمی کی زیر صدارت اجلاس میں بینک سےرقم نکالنےیامنتقل کرنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا تھا۔






















