ضلع سکھر کے علاقے روہڑی کے قریب صالح پٹ میں اونٹ کی ٹانگیں کاٹنے والے دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
روہڑی کے قریب صالح پٹ کے گاؤں میر مہراب ٹالپر میں بااثر افراد نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے مزدور غلام مصطفی شنبانی کے اونٹ کی ٹانگ کاٹ ڈالی۔ واقعے کے بعد بے زبان جانور شدید زخمی حالت میں درد سے تڑپتا اور روتا رہا۔ غلام مصطفی نے الزام لگایا ہے کہ عمر بروہی، قربان بروہی اور رسول بخش شیخ اس ظلم میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اونٹ ہی ان کے روزگار کا واحد ذریعہ تھا۔ جسے بلاوجہ ان افراد نے زخمی کر دیا۔ اطلاع پر پولیس فورا موقع پر پہنچی اور تحقیقات شروع کی۔ جس کے بعد کندہرا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے قربان بروہی اور رسول بخش بروہی کو گرفتار کر لیا ہے ۔۔ جبکہ تیسرے ملزم عمر ملک کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ زخمی اونٹ کو ابتدائی علاج کے بعد کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے انصاف اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔






















