صدرمملکت آصف علی زرداری نے دورہ چین کے 9 ویں روز کاشغر فری ٹریڈ زون اور یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری کمیونسٹ پارٹی یاؤ ننگ نے صدر پاکستان کا استقبال کیا ، کاشغر فریڈ ٹریڈ زون کے قیام اور ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
صدرمملکت کو بتایا گیا کہ ساڑھےتین مربع کلومیٹر پر محیط کاشغر فری ٹریڈ زون میں ویئر ہاؤسنگ ، لاجسٹکس ، پراسیسنگ ، کسٹمزاورائیرفریٹ کی سہولیات موجود ہیں۔ ٹریڈزون کی تجارت دنیا کے 118 ممالک تک پھیلی ہوئی ہے ۔ یہاں سے ای وی گاڑیاں ، بیٹریاں، سولر سیلز اور ہائی ٹیک مصنوعات برآمد کی جاتی ہیں ۔ کاشغر فری ٹریڈ زون سوست ڈرائی پورٹ گلگت بلتستان اور گوادر بندرگاہ سے جڑا ہوا ہے۔
صدرمملکت کاشغر یونیورسٹی کے دورہ کے دوران اساتذہ اور طلبا سے ملے ۔ انہیں سی پیک سینٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔ اس سے قبل صدر آصف علی زرداری سے سی ای او سرین ایئر یونچن یانگ نے ملاقات کی اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ۔ صدرمملکت نے سرین ایئر سے طیاروں کی تعداد بڑھانے کی درخواست کی ۔ صدر آصف علی زرداری نے کاشغر کی تاریخی عیدگاہ مسجد کا بھی دورہ بھی کیا ۔ انہوں نے وہاں عصر کی نماز ادا کی اور مسجد کے شاندار فن تعمیر کو سراہا ۔۔ صدر پاکستان کو مسجد کی تاریخی اہمیت اور ورثے پر بریفنگ دی گئی ۔






















